نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

پاکستان اور نیوزی لینڈکے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریزکا کل اختتام ہورہاہے جب 22 دسمبر کو دونوں ٹیمیں نیپئر کے مقام پر سیریزکے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔(نیپئر کے ہائی اسکورنگ وینیو کے حوالے سے رپورٹ ملاحظہ کریں )

۔اس ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اختتام کے بعد 26دسمبر سے پاکستان اور نیوزی لینڈکے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریزکا آغاز ہورہاہے۔ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈٹیسٹ چیمپئن کا حصہ ہے۔

ٹیسٹ سیریزکے آغاز سے قبل پاکستان کرکٹ شائقین کو ایک اور بری خبر سننے کو ملی ہے کہ کپتان بابراعظم انجری کے سبب پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکیں گے جن کے انگوٹھے کا فریکچر پوری طرح صحیح نہیں ہوا جبکہ اوپنر امام الحق بھی پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔

بابراعظم کی عدم دستیابی کے باعث اسکواڈ کے نائب کپتان محمد رضوان ہفتے سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ وہ کرکٹ کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے 33ویں کپتان ہوں گے۔

بلوچستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر عمران بٹ کو بھی اسکواڈ میں شامل کیاگیا ہے جنہوں نے نیوزی لینڈمیں ٹیم کو جوائن کرنے سے قبل قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے 3 میچوں میں 191 رنز بنائے تھے۔ 24 سالہ بیٹسمین نےگزشتہ سال کھیلی گئی قائداعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ 934 رنز بنائے تھے۔ 62سے زائد کی اوسط سے رنز بنانے والے عمران بٹ نے ٹورنامنٹ میں 4 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں بنائیں۔

نیوزی لینڈ اے کے خلاف واحد چار روزہ میچ میں پاکستان شاہینزکی نمائندگی کرنے والے عابد علی، اظہرعلی،حارث سہیل، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس اور نسیم شاہ 23 دسمبر کو ترنگا میں قومی ٹیسٹ اسکواڈ کو جوائن کرلیں گے۔

دورے میں شامل پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کے لیے پاکستان شاہینز کے 15 کھلاڑیوں کے ناموں کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں شامل دس کرکٹرز 23 دسمبر کو ترنگا سے ہملٹن پہنچ کر پاکستان شاہینز کو جوائن کرلیں گے۔ ان کھلاڑیوں میں حیدر علی، خوشدل شاہ، محمد حسنین، حارث رؤف، عثمان قادر، موسیٰ خان، وہاب ریاض، افتخار احمد، عبداللہ شفیق اور حسین طلعت شامل ہیں۔

عماد وسیم 23 دسمبر کوبگ بیش لیگ کھیلنے آسٹریلیا جبکہ محمد حفیظ 24 دسمبر کو وطن واپس روانہ ہوجائیں گے۔ فاسٹ باؤلر حارث رؤف 6 جنوری کو نیوزی لینڈ سے آسٹریلیا روانہ ہوں گے، جہاں وہ بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کریں گے۔

نیوزی لینڈ اے کے خلاف وانگرائے میں کھیلے گئے واحد چارروزہ میچ میں پاکستان شاہینز نے 89 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ میچ میں فواد عالم اور روحیل نذیر کی سنچریوں سمیت فاسٹ باؤلرز محمد عباس اور نسیم شاہ کی عمدہ کارکردگی نے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ

محمد رضوان (پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے کپتان)، سرفراز احمد ،شاداب خان، عابد علی، اظہرعلی، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، عمران بٹ، حارث سہیل، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف۔ بابراعظم اور امام الحق انجری کے باعث پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے۔

پاکستان شاہینز کا اسکواڈ:

روحیل نذیر (کپتان، وکٹ کیپر)، حیدر علی،ذیشان ملک، عماد بٹ، ظفر گوہر، دانش عزیز، افتخار احمد، خوشدل شاہ،حسین طلعت، محمد حسنین، حارث رؤف، عثمان قادر،وہاب ریاض، موسیٰ خان اور عبداللہ شفیق شامل ہیں۔

Check Also

عثما ن خان نے بڑا پی ایس ایل ریکارڈ بناڈالا

ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے جارح مزاج بیٹر عثمان خان نے پی ایس ایل …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔