پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے باہر ہوچکی ہے جبکہ 27 فروری کو راولپنڈی میں بنگلہ دیش کے خلاف محض رسمی کاروائی کیلئے ٹورنامنٹ کا آخری میچ کھیلے گی۔
پاکستانی شائقین قومی ٹیم کی کارکردگی سے سخت ناراض ہیں اور ٹیم میں جہاں بڑی تبدیلیاں چاہتے ہیں، وہیں وہ صائم ایوب اور فخرزمان کی ٹیم میں واپسی بھی چاہتے ہیں جوکہ اَن فٹ ہونے کے سبب چیمپئنز ٹرافی نہیں کھیل سکے تھے۔
صائم ایوب کی واپسی
انگلینڈمیں جہاں صائم ایوب کا علاج اور ری ہیب چل رہاہے، وہاں ڈاکٹرز نے اوپننگ بلے باز کو کم ازکم 10 ہفتے تک کرکٹ سے دورکرنے کی ہدایت دی تھی۔ اگر اس کے مطابق دیکھا جائے تو دس ہفتے کا یہ دورانیہ 14 مارچ 2025 کو ختم ہورہاہے۔
اس حوالے سے اہم بات یہ ہے کہ کیا سلیکٹرز بغیر میچ پریکٹس اور نیٹ پریکٹس کے ، کیا فوری طورپر صائم ایوب کو سلیکٹ کرلیں گے؟
اگر صائم ایوب 14 مارچ کو پریکٹس شروع کردیتے ہیں تو صرف دو دن بعد یعنی 16 مارچ کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کاپہلا ٹی ٹوئنٹی میچ شیڈول ہے۔اس لئے اس کا امکان کم دکھائی دے رہاہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لے سکیں گے۔
اگر صائم ایوب کو سکواڈ میں شامل کرلیا بھی لیا گیا تب بھی وہ کم ازکم پہلے تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز نہیں کھیل سکیں گے البتہ وہ پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے بعد شیڈول ون ڈے سیریز میں حصہ لے سکیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈکے درمیان 16 سے 26 مارچ تک پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز کھیلے جائیں جس کے بعد 29 مارچ سے ون ڈے سیریز کا آغاز ہوگا۔
فخرزمان کی واپسی کا امکان کم
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے اوپننگ میچ میں انجری کا شکار ہونے والے فخرزمان کی دورۂ نیوزی لینڈ میں واپسی کا امکان کم ہے جنہیں آٹھ سے دس ہفتے آرام تجویز کیا گیاہے۔
رپورٹ کے مطابق وہ مارچ کے آخری دنوں میں یا پھر اپریل کے پہلے ہفتے میں کرکٹ سرگرمی کا آغاز کرسکیں گے۔ اس لئے 16 مارچ سے 5 اپریل 2025 تک جاری رہنے والے دورۂ نیوزی لینڈ کیلئے فخرزمان کی پاکستان ٹیم میں شمولیت کا امکان کم ہے۔
رپورٹ کے مطابق، فخرزمان 8 یا 10 اپریل سے شروع ہونے والے پی ایس ایل 2025 میں حصہ لے سکیں گے جوہمیشہ کی طرح لاہورقلندرزکی نمائندگی کریں گے۔