جاں بحق ہونے والے اینڈریوسائمنڈزکے کرکٹ میں کارنامے

آسٹریلیاکے نامور اور ریکارڈساز آل رائونڈراینڈریو سائمنڈزکا گزشتہ شب کارحادثے میں انتقال ہوگیاجس پر دُنیائے کرکٹ رنجیدہ ہے۔ اس رپورٹ میں اینڈریوسائمنڈزکے کرکٹ میدانوں میں کارناموں کی مختصر تفصیل پیش کی جارہی ہے۔

اینڈریوسائمنڈکا شمار نہ صرف آسٹریلیا بلکہ دُنیاکے چند نامور آل رائونڈرزمیں ہوتاتھا جنہوں نے بیٹ اور بال سے شاندار کھیل پیش کرکے آسٹریلیاکو کئی تاریخی فتوحات دلائیں جن میں ورلڈکپ 2003میں پاکستان کے خلاف اُن کی 143*رنزناٹ آئوٹ کی شاہکار اننگز بھی شامل ہے جس میں انہوں نے آسٹریلیاکی چار وکٹیں گرجانے کے بعد تن تنہا پاکستانی بولرزکا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو4/86کے مجموعے سے 8/310کے مجموعی سکورتک پہنچایا۔جو آسٹریلیاکی 82رنزکی فتح کا ضامن بنا۔

اس طرح اینڈریوسائمنڈزنے دسمبر2005میں نیوزی لینڈکے خلاف 156کی صورت میں اپنے ون ڈے کیریئربیسٹ اننگز بھی کھیلی جس میں نہ صرف 12چوکے بلکہ آٹھ چھکے بھی شامل تھے۔جس کے محض دو ماہ بعد ہی انہوں نے سری لنکا کے خلاف 151رنزکی ایک اور شاہکار اننگز کھیلی۔

اینڈریوسائمنڈزکو عموماً پانچویں یا اس سے نچلے نمبروں پر بیٹنگ کرنے کا موقع ملتا تھا جہاں انہوں نے لاجواب کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔اینڈریوسائمنڈزنے بولنگ میں133وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ون ڈے کیریئر میں 4337رنز بھی بنائے جو 100سے زائد وکٹوں کے ساتھ پانچویں یا اس سے نچلے نمبروںپر بیٹنگ کرنے والے دُنیاکے کسی بھی آل رائونڈرکے مجموعی طورپرچھٹے زیادہ جبکہ محض اسٹیوواکے بعد کسی بھی آسٹریلوی آل رائونڈرکے دوسرے زیادہ رنز ہیں۔

اینڈریوسائمنڈزنے بیٹنگ کے ساتھ ساتھ بولنگ میں بھی کمال دکھایا جنہوں نے 2005میں مانچسٹر کے نیوٹرل وینیو پر بنگلہ دیش کے 18رنزکے عوض پانچ وکٹیں حاصل کرکے اپنی بولنگ اہمیت منوائی۔اس کے علاوہ وہ بھارت اور ویسٹ انڈیزکے خلاف اننگز میں چار،چار وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ سرانجام دینے میں بھی کامیاب رہے۔

شاندار فیلڈر

اینڈریوسائمنڈزنہ صرف بیٹ اوربال سے اچھے آل رائونڈرتھے بلکہ فیلڈنگ میں اپنا الگ ہی مقام رکھتے تھے۔ورلڈکپ99سے2005ء تک جب کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو نے فیلڈنگ کے اعدادوشمار جاری کئے ،انہیں زیادہ رن آئوٹ کرنے والا دُنیاکا پانچویں بہترفیلڈر تسلیم کیا گیاجبکہ رن آئوٹ کرنے کے تناسب میں وہ چوتھے بہترین فیلڈرقرار پائے۔

اینڈریو سائمنڈز کا عالمی ریکارڈ

اینڈریوسائمنڈزنے گلوسسٹرشائر کی جانب سے کھیلتے ہوئے اپنی 254*رنزناٹ آئوٹ کی دھواں دار اننگزکے دوران 16چھکے لگاکر ایک فرسٹ کلاس اننگزمیں زیادہ چھکے لگانے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا جبکہ دوسری اننگزمیں بھی چار چھکے لگائے جس کی بدولت وہ ایک فرسٹ کلاس میچ میں سب سے زیادہ 20 چھکے لگانے والے بیٹر بھی بنے۔

اینڈریوسائمنڈزنے 26ٹیسٹ،198ون ڈے اور 14ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز کھیلے۔ٹیسٹ میں40.61، ون ڈے میں 39.75جبکہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 48.14کی لاجواب ایوریج اور 169.34کے اسٹرائک ریٹ سے رنزبنائے۔

Check Also

پی ایس ایل تاریخ میں زیادہ سنچریاں کس ٹیم کی جانب سے بنی ہیں؟

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں سنچری بنانا ایک بڑا کارنامہ سمجھا جاتا ہے۔2005 میں جب ٹی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔