ایسا لگتا ہے کہ 2023 پاکستانی کرکٹرزکی شادیوں کا سال ہے۔ جس رفتار سے پاکستانی کرکٹرزکی شادیاں ہورہی ہیں، اُسے دیکھ کر لگتا یہی ہے کہ سال کے آخر تک کوئی ٹاپ کرکٹر کنوارہ نہیں بچے گا۔
پاکستان کے دو ٹاپ کرکٹرز حارث رئوف اور شان مسعود حالیہ دنوں میں شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں جبکہ مزید 2 کرکٹرز رواں ماہ ایک خوبصورت بندھن میں بندھ جائیں گے۔
رواں ماہ جن ٹاپ کرکٹرزکی شادیاں ہورہی ہیں، اُن میں سے ایک شاہین آفریدی ہیں جو پی ایس ایل 8 سے پہلے ہی زندگی کی ایک نئی اننگزکا آغاز کریں گے۔جن کا نکاح کل یعنی 3 فروری بروز جمعہ ہوگا۔
شاہین شاہ آفریدی پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی صاحبزادی انشا آفریدی سے نکاح کررہے ہیں۔گوکہ 3 فروری کو شاہین آفریدی اور انشا آفریدی نکاح کرلیں گے مگر شادی اوردیگر تقریبات فی الحال طے نہیں کی گئیں یا پھر میڈیا کو ابھی بتایا نہیں گیا۔
البتہ اتنا ضرور ہے کہ یہ شادی کراچی میں ہوگی جس کیلئے شاہین آفریدی نے پشاور سے خصوصی شلوارقیمض اور پشاوری چپل بنوائے ہیں۔
اور اس کے علاوہ جو رواں ماہ جو دوسری شادی ہورہی ہے وہ پاکستان کی وائٹ بال کی دونوں ٹیموں کے نائب کپتان شاداب خان کی ہے۔جنہوں نے سابق ہیڈکوچ ثقلین مشتاق کی صاحبزادی کو اپنا شریک حیات منتخب کیا ہے۔
شاہین آفریدی کی شادی اور ولیمے کی حتمی تاریخیں تو سامنے نہیں آئیں البتہ شاداب خان کی شادی اور ولیمے کی تاریخیں سامنے آگئیں ہیں۔
رپورٹس کے مطابق شاداب کی بارات اور ولیمے کی تقریب 9 اور 10 فروری کو اسلام آباد میں ہوگی جس کے مہمانوں کی لسٹ میں کرکٹرز اور مشہور شخصیات شامل ہیں۔
یاد رہے کہ 23 جنوری کو شاداب خان کا سابق لیگ اسپنر ثقلین مشتاق کی صاحبزادی سے نکاح ہوا تھا۔
اس حوالے سے شاداب خان نے مداحوں کے لیے پیغام بھی جاری کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ براہ کرم میری، میری اہلیہ کی اور ہماری فیملیز کی ترجیحات کا احترام کریں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ جب شاداب خان نے اپنی شادی کااعلان کیاتھا وہ تو سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئے ہیں اور اس دوران قومی ٹیم کے کنوارے اوپننگ بلے باز امام الحق نے دلہے کے لباس میں اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرکے پیغام دیا تھا اُن کے دلہا بننے میں بھی شاید زیادہ وقت باقی نہیں ہے۔
شاہین آفریدی اور شاداب خان تو رواں ماہ رشتہ ازدواج سے منسلک ہوجائیں گے مگر اب دیکھنا یہ ہے کہ 2023 کا سال مزید کتنے کرکٹرزکو اس رشتے سے جوڑتا ہے۔