پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ اوپننگ بلے باز امام الحق کو بنگلہ دیش کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریزکے اسکواڈ سے ڈراپ کیاگیاتھا اور اُنہیں حیران کن طورپر پاکستان شاہینز سے بھی ڈراپ کیا گیا۔
تاہم اب دوسرے چارروزہ میچ سے قبل امام الحق کو پاکستان شاہینز کے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے جو 20 اگست سے بنگلہ دیش اے کے خلاف شروع ہونے والے دوسرے چارروزہ میچ کیلئے سلیکشن کیلئے دستیاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان شاہینز کا اسلام آباد کلب میں ٹریننگ سیشن جاری ہے جہاں امام الحق، ابرار احمد، قاسم اکرم، شارون سراج، روحیل نذیر اور محمد اویس انور نے پاکستان شاہینز اسکواڈ کو جوائن کر لیاہے
نیاز خان اور علی زریاب آصف آج اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔
کامران غلام بنگلادیش اے کے خلاف دوسرے چار روزہ میچ میں پاکستان شاہینز کی قیادت کریں گے۔
امام الحق کی شمولیت کیسے ممکن ہوئی؟
پاکستان کے ٹیسٹ اور شاہینز اسکواڈ سے نظر انداز کئے جانے کے بعد امام الحق کی دوسرے چارروزہ میچ کیلئے اچانک شمولیت حیران کن کہی جارہی ہے۔
ایک خیال یہ پایا جاتا ہے کہ امام الحق کو دونوں اسکواڈزسے نظر انداز کرنا ہی غلطی تھی جس کا اندازہ سلیکٹرزکو بعد میں ہوا جبکہ ایک خیال یہ ہے کہ شاید پردے کے پیچھے کا دبائو ہے جو امام الحق کو کم ازکم چارروزہ میچ کیلئے چانس دلوانے کا سبب بنا۔
امام الحق کو ڈراپ کرنا درست یا غلط؟
امام الحق کی پاکستان شاہینز کے اسکواڈ میں شمولیت کی وجہ کوئی بھی ہو لیکن اہم بات یہ ہے کہ کیا اُنہیں موقع دینا درست ہے یا نہیں؟
2022 سے اب تک امام الحق تمام پاکستانی بلے بازوں میں زیادہ رنز کرنے کے اعتبار سے تیسرے نمبرپر ہیں جن کے آگے صرف بابراعظم اور عبداللہ شفیق ہیں۔
انہی دو بلے بازوں کے بعد اس عرصے میں سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں (3) بھی امام الحق ہی نے بنائی ہیں۔اس لئے انہیں ڈراپ کرنا سمجھ سے بالاتر تھا۔
امام الحق سمیت پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز پر خصوصی رپورٹ اس ویڈیو میں ملاحظہ کیجئے