Breaking News

اظہرعلی کی جگہ نئے ٹیسٹ کپتان اور نائب کپتان کا فیصلہ ہوگیا

پاکستان کرکٹ بورڈ اظہرعلی کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کا اصولی فیصلہ پہلے ہی کرچکاہے جبکہ نئے کپتان کیلئے بورڈآفیشلزاور ٹیم منیجمنٹ میں قدرے اختلاف رائے تھا۔ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران خیبرپختونخواہ کے کپتان محمد رضوان کی قائدانہ صلاحیت سے متاثر ہوکر کچھ حکام وکٹ کیپر کو ہی پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا نیا کپتان مقرر کرنے کے حق میں تھے اور اس حوالے سے باقاعدہ خبریں بھی لیک ہوئی جبکہ کچھ آفیشلز محدود اوورزکے دونوں فارمیٹس کے کپتان بابراعظم ہی کو ٹیسٹ فارمیٹ کا بھی کپتان مقرر کرنے کے حق میں تھے۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے بعد چونکہ پاکستان نے زمبابوے کے خلاف محدوداوورزکے دونوں فارمیٹس کی سیریز کھیلنا تھیں ۔اس لئے نئے ٹیسٹ کپتان کا اعلان کرنے میں جلدبازی کا مظاہرہ کرنے سے گریز کیاگیا۔ون ڈے سیریزمیں محمد رضوان کی بیٹنگ میں مایوس کن کارکردگی نے صورتحال یکسر بدل دی جس کے سبب اُن کے حامیوں کی رائے بھی بدل گئی ہے جو اس سیریزکے آغاز سے قبل تک محمد رضوان کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کے حق میں تھے۔

بہرحال! اب پاکستان کرکٹ بورڈنے نئے ٹیسٹ کپتان کا فیصلہ کرلیاہے جوکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابراعظم ہوں گے اور پی سی بی حکام نے اس حوالے سے بابراعظم سے بھی اپنی مشاورت مکمل کرلی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بابراعظم نے ٹیسٹ فارمیٹ میں بھی قومی ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری نبھانے کی حامی بھرلی ہے۔

بابراعظم کب تک کپتان رہیں گے؟

ذرائع کے مطابق بابراعظم اب آئندہ سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ تک کے لیے تینوں فارمیٹس میں کپتان مقرر ہوں گے۔پی سی بی کے اعلی عہدیداروں نے بابراعظم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور بطور کپتان ان کی سفارشات کو بھی نئی سلیکشن کمیٹی میں اہمیت دی جائے گی۔بابراعظم کو ٹیسٹ کپتان بنانے کا حتمی اعلان چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے 59 ویں اجلاس میں قومی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔محمد رضوان کو ٹیسٹ ٹیم کا نائب کپتان نامزد کیا جائے گا اور اس کا اعلان بھی 11 نومبر کو متوقع ہے۔ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اور نائب کپتان کے بعد پاکستان کے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے سکواڈز کا اعلان بھی اسی روز کیا جائے گا۔

Check Also

بابراعظم بڑے اعزاز سے محروم، رضوان کیلئے خوشخبری

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی ہے جس میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔