بھارتی سینئر کرکٹر دینش کارتھک نے پاکستانی کپتان اور دُنیاکے نمبرون وائٹ بال بیٹر بابراعظم کے بارے میں بڑی پیشگوئی کی ہے اور کہاہے کہ وہ یہ ریکارڈتوڑنے والا دُنیاکا پہلا بیٹر بنے گا۔
بابراعظم موجودہ وقت میں پہلے ہی دونوں وائٹ بال فارمیٹس کی آئی سی سی بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں نمبر پر ہیں جو دُنیاکے نمبرون ٹیسٹ بیٹر مارنس لبوشین سے محض 77رنز پیچھے ہیں۔
دینش کارتھک کا کہناہے کہ جب میں نے بابراعظم کی بغور بیٹنگ دیکھی تو اندازہ ہوا کہ وہ کتنا لاجواب بلے باز ہے۔ فرنٹ فٹ ہو یابیک فٹ ، وہ ہرجگہ گیند اپنے ریڈارمیں آکر کھیلتا ہے۔اس صورت میں اُس کے پاس غلطی کا امکان نہایت ہی کم ہوتا ہے۔
دینش کارتھک نے کہاکہ مجھے سو فیصد یقین ہے کہ بابراعظم ہی دُنیاکا پہلا کھلاڑی بنے گا جو تینوں فارمیٹس کی بیٹنگ رینکنگ میں بیک وقت نمبرون بیٹر بنے گا او رمیری نیک تمنائیں اُس کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ دینش کارتھک حالیہ آئی پی ایل 2022میں شاندار کارکردگی دکھاکر انڈین ٹیم میں کم بیک کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں جو سائوتھ افریقہ کیخلاف ہوم سیریز کھیلیں گے۔