پاکستان نے مسلسل ٹی ٹوئنٹی فتوحات کا عالمی ریکارڈ توڑدیا

پاکستان اور زمبابوے کے مابین راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریزکے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان نے آٹھ وکٹوں سے فتح حاصل کرکے زمبابوے کے خلاف مسلسل پانچویں باہمی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی ہے۔

زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو حارث رئوف اور عثمان قادرکی عمدہ بولنگ کی بدولت زمبابوین ٹیم 7وکٹوں کے نقصان پر صرف 134رنزبناسکی۔پاکستان کی جوابی اننگزمیں اوپنر فخرزمان مسلسل سترھویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں ناکام ہوتے ہوئے صرف 5رنزبناکر آئوٹ ہوئے تو کپتان بابراعظم اور حیدرعلی نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے میچ یکطرفہ بنادیا۔

حیدرعلی نے آئوٹ ہوئے بغیر43 گیندوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں سے مزین 66رنزکی لاجواب اننگز کھیلی جبکہ بابراعظم نے 28 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور ایک چھکے سے مزین 51رنزکی لاجواب اننگز کھیلی۔

بابراعظم نے 27ویں گیند پر ففٹی مکمل کی جوکہ اُن کے ٹی ٹوئنٹی کیریئرکی تیزترین ففٹی ہے۔بابراعظم نے اب تک مجموعی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 48 ففٹیاں بنائی ہیں مگراس سے قبل انہوں نے سابقہ 47میں سے کوئی بھی ففٹی اتنی کم گیندوں پر مکمل نہیں کی تھی۔

بابراعظم 41ویں اننگزمیں 16 ففٹی بناکر کم ترین اننگزمیں 16ففٹیاں مکمل کرنے والے دُنیاکے محض دوسرے بیٹسمین بن گئے ہیں۔ویرات کوہلی نے اُن کے مقابلے میں ایک کم اننگز کھیل کر یہ اعزاز پایاتھا۔

مسلسل زیادہ فتوحات کا عالمی ریکارڈ

دوسری جانب، دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں آٹھ وکٹوں سے فتح حاصل کرکے پاکستان نے کسی ایک ٹیم کے خلاف لگاتار زیادہ فتوحات کا عالمی ریکارڈ توڑدیاہے۔ یہ پاکستان کی زمبابوے کے خلاف مسلسل 13 ویں کامیابی تھی جوکہ ایک عالمی ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل یہ عالمی ریکارڈ افغانستان کے نام تھا جس نے آئرلینڈکے خلاف لگاتار 12 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل جیتے تھے۔ کسی ایک ٹیم کے خلاف مسلسل زیادہ فتوحات حاصل کرنے کی دوڑمیں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو بہت پیچھے چھوڑدیاہے۔بھارت نے بنگلہ دیش کے خلاف مسلسل آٹھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز جیت کر ایک موقع یہ ریکارڈقائم کیاتھا۔

Check Also

عثما ن خان نے بڑا پی ایس ایل ریکارڈ بناڈالا

ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے جارح مزاج بیٹر عثمان خان نے پی ایس ایل …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔