پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی جو انگلش کائونٹی سیزن میں مڈل سیکس کیلئے شاندار کارکردگی دکھا کر واپس آئے ہیں ،انہو ں نے رواں سال مزید میچز کھیلنے سے معذرت کرلی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی کی معذرت کے بعد اب اُن کے متبادل بولرکے نام کا اعلان بھی کردیاگیاہے جوکہ رواں سیزن میں اُن کی جگہ کھیلیں گے۔
شاہین آفریدی نے کائونٹی چیمپئن شپ میں مڈل سیکس کیلئے تین میچز کھیلے اور ٹورنامنٹ چھوڑنے تک مشترکہ طورپراپنی ٹیم کے دوسرے ٹاپ وکٹ ٹیکر رہے۔
اب شاہین آفریدی میں انگلینڈمیں تھکاوٹ،ہلکے بخار کی شکایت کے بعد فی الحال دوبارہ وہاں جاکر مڈل سیکس کیلئے کھیلنے سے معذرت کرلی ہے۔
مڈل سیکس حکام نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ شاہین شاہ آفریدی جاری کاؤنٹی چیمپئن شپ اور بلاسٹ ٹی ٹوئنٹی میں مڈل سیکس کاؤنٹی کرکٹ کلب کی نمائندگی کے لیے انگلینڈ واپس نہیں آئیں گے۔جس کے سبب آسٹریلوی انٹرنیشنل جیسن بہرنڈورف ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں شاہین کے متبادل کے طور پر مڈل سیکس کو جوائن کرنے والے ہیں۔
شاہین آفریدی کو ویسٹ انڈیزکے خلاف ہوم ون ڈے سیریز کھیلنے کے بعد واپس جاکر مڈل سیکس کیلئے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کھیلناتھا تاہم اب وہ یہ ٹورنامنٹ نہیں کھیلیں گے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹروں کی جانب سے آرام کا مشورہ دیئے جانے کے باوجود شاہین آفریدی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے پاکستان ون ڈے اسکواڈمیں شامل کیا گیاہے۔