گزشتہ ٹی ٹوئنٹی کیلنڈرایئرمیں متعدد عالمی ریکارڈز توڑنے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر اور وکٹ کیپر محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کیرئیر کا شاندار اندازمیں آغاز کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
محمد رضوان کی مسلسل دوسری ففٹی پلس اننگز
گزشتہ میچ میں گلیمورگن کائونٹی کے خلاف81رنزکی دھواں دار اننگزکھیلنے والے محمد رضوان نے آج چار چوکوں اور دو چھکوں سے مزین 43گیندوں پر 58رنزکی عمدہ اننگزکھیلی جس کی وجہ سے وہ کائونٹی کیریئرکے پہلے دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز میں ففٹیاں بنانے والے پاکستان کے پہلے جبکہ دُنیاکے محض تیسرے بیٹر بن گئے ہیں۔
اس سے قبل گزشتہ میچ میں وہ کائونٹی کیریئرکے ڈیبیو ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 81رنزبنانے والے بیٹر بنے تھے۔
محمد رضوان نے سسیکس کائونٹی کیلئے اپنے پہلے دونوں میچز میں ففٹیاں بناکر دومیچز میں اپنا اسکور 139رنزتک پہنچادیاہے جو آج 119رنزکی دھواں دار اننگزکھیلنے والے پال اسٹرلنگ کے بعد کسی بھی بیٹر کے دوسرے زیادہ رنزہیں۔
محمد رضوان نے 2021میں کئی ٹی ٹوئنٹی ریکارڈزتوڑے تھے اور ایک سال میں ایک ہزار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنزمکمل کرنے والے دُنیاکے واحد بیٹر بنے جبکہ مجموعی ٹی ٹوئنٹی میچز میں ایک سال میں دو ہزار رنزکا سنگ میل عبورکرنے والے پہلے بیٹر ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔