دورۂ نیوزی لینڈمیں پاکستان ٹیم کو بڑادھچکا،بابراعظم سیریز سے باہر

پاکستان اور نیوزی لینڈکے مابین 18 دسمبر سے تین ٹی ٹوئنٹی ا نٹرنیشنل میچز کی سیریزکا آغاز ہونا ہے جس کے آغاز سے قبل پاکستان ٹیم کو بہت بڑا دھچکالگاہے جن کے ان فارم بیٹسمین او ر کپتان بابراعظم پوری ٹی ٹوئنٹی سیریز سے ہی باہرہوگئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈنے اپنی پریس ریلیز میں بابراعظم کے نیوزی لینڈکے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ نہ لینے کی تصدیق کی ہے اور کہاہے کہ اُن کے غیرموجودگی میں شاداب خان قومی ٹیم کی قیادت کریں گے جنہیں زمبابوے کےخلاف گزشتہ ہوم سیریزکے دوران نائب کپتان مقرر کیاگیاتھا تاہم وہ ان فٹ ہونے کے سبب ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریزکا ایک بھی میچ نہیں کھیل سکے تھے۔

اب نائب کپتان شاداب خان فٹ ہوئے ہیں تو کپتان بابراعظم ان فٹ ہوگئے ہیں۔ پی سی بی کے مطابق بابراعظم اپنے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہونے کی وجہ سے سیریز سےآؤٹ ہوئے ہیں۔اتوار کے روز کوئنز ٹاؤن میں نیٹ سیشن میں تھرو ڈاؤن کے دوران ایک گیند بابراعظم کے دائیں ہاتھ کے انگوٹھے پر لگی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایاگیا، قریبی ہسپتال میں کرائے گئے ایکسرے میں تشخیص ہوئی ہے کہ بابراعظم کے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہوگیا ہے

بابراعظم کم از کم 12 روز تک نیٹ پریکٹس نہیں کرسکتے تاہم وہ اس دوران اپنی فزیکل ٹریننگ جاری رکھیں گے۔ اس دوران قومی کرکٹ ٹیم کا میڈیکل پینل بابراعظم کی انجری کا مسلسل جائزہ لیتا رہے گا ۔انجری کے سبب بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچز 18، 20 اور 22 دسمبر کو کھیلے جانے ہیں۔دوسری جانب پاکستان شاہینز کے اوپنر امام الحق نیوزی لینڈ اے کے خلاف واحد چار روزہ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔

اُدھر پاکستان اسکواڈمیں شامل اوپننگ بیٹسمین امام الحق بھی اپنے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے پر گیند لگنے کی وجہ سے میچ سے آؤٹ ہوئے ہیں۔بائیں ہاتھ کے اوپنر کو کوئنز ٹاؤن میں جاری دو روزہ انٹرا اسکواڈ میچ میں بیٹنگ سے قبل نیٹ سیشن میں گیند لگی، جس کے بعد انہیں ایکسرے کے لیے ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے میں فریکچر کی تشخیص ہوئی ہے۔امام الحق انجری کے باعث 17دسمبر سےنیوزی لینڈ اے کے خلاف وانگرائے میں شروع ہونے والے واحد چار روزہ میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

امام الحق کم از کم 12 روز تک بیٹنگ پریکٹس نہیں کرسکتے تاہم وہ اس دوران اپنی فزیکل ٹریننگ جاری رکھیں گے۔ اس دوران قومی کرکٹ ٹیم کا میڈیکل پینل امام الحق کی انجری کا مسلسل جائزہ لیتا رہے گا ۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے ماؤنٹ مونگنوئی میں شروع ہوگا۔ آلراؤنڈر شاداب خان بھی اپنی ٹانگ میں کھیچاؤ محسوس کررہے ہیں، لہٰذا انہوں نے اتوار کو نیٹ میں باؤلنگ پریکٹس کی بجائے ہلکی بیٹنگ پریکٹس اور فزیکل ٹریننگ کی ہے۔

مصباح الحق کا ردعمل

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ انجریز کسی بھی پروفیشنل اسپورٹس کا حصہ ہیں، بابر اعظم جیسے باصلاحیت کھلاڑی کا انجری کے سبب ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز سے آؤٹ ہونا بہت مایوس کن ہے تاہم یہ اسکواڈ میں شامل دیگر نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا ایک بہترین موقع ہے۔مصباح الحق نے کہا کہ انہوں نے بابر اعظم کے ساتھ بات کی ہے ،وہ ٹی ٹونٹی سیریز سے آؤٹ ہونے پر بہت افسردہ ہیں کیونکہ وہ مکمل فوکس اورٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے آغاز کے منتظر تھے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ابھی آگے بہت کرکٹ کھیلنی ہے اور ہم پرامید ہیں کہ وہ جلد فٹ ہوکر دوبار ہ کرکٹ میں واپس آجائیں گے۔مصباح الحق نے کہا کہ میڈیکل ٹیم شاداب خان کی انجری کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور ہم پر امید ہیں کہ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریزکے لیے ہمیں دستیاب ہوں گےتاہم ہم اس حوالے سےفیصلہ کرتے ہوئے کوئی خطرہ مول نہیں لیں گے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم:

شاداب خان (کپتان) ، عبداللہ شفیق ، فہیم اشرف ، حیدر علی ، حارث رؤف ، حسین طلعت ، افتخار احمد ، عماد وسیم ، خوشدل شاہ ، محمد حفیظ ، محمد حسنین ، محمد رضوان ، موسیٰ خان ، سرفراز احمد ، شاہین شاہ آفریدی ، عثمان قادر اور وہاب ریاض۔ بابر اعظم (انجری کے باعث آؤٹ ہوگئے)

نیوزی لینڈ کے خلاف چار روزہ میچ کے لیے پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم:

روحیل نذیر (کپتان) ، عابد علی ، عماد بٹ ، اظہر علی ، دانش عزیز ، فواد عالم ، حارث سہیل ، عمران بٹ ، محمد عباس ، نسیم شاہ ، شان مسعود ، سہیل خان، یاسر شاہ، ظفر گوہراور ذیشان ملک۔ امام الحق (انجری کے باعث آؤٹ ہوگئے)

Check Also

بابراعظم اور رضوان کے رن ریٹ کا ’’رولا‘‘ بھی ختم

حالیہ دنوں میں حقائق سے ناواقف کچھ نام نہاد کرکٹ مبصرین نے بابراعظم اور محمد …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔