پاکستان کرکٹ ٹیم دورِ حاضر میں عمدگی سے آگے بڑھ رہی ہے۔آسٹریلیاکے خلاف حالیہ ہوم سیریز سے قبل پاکستان ٹیم ماسوائے آسٹریلیا کے،دیگر سبھی ٹیموں کیلئے ناقابل شکست بن چکی تھی۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021میں روایتی حریف بھارت کو شکست دینے سمیت وہ گروپ مرحلے میں ناقابل شکست رہنے والی دُنیا کی واحد ٹیم تھی جسے بعدازاں سیمی فائنل میں آسٹریلیاکے ہاتھوں شکست ہوئی جس کے بعد پاکستان ٹیم دورۂ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں ناقابل شکست رہی۔
پاکستانی شائقین کو توقع ہے کہ پاکستان ٹیم رواں برس بھی ایسی ہی کارکردگی دکھائے گی جبکہ پاکستانی کپتان بابراعظم اور ہیڈکوچ ثقلین مشتاق نے بھی رواں سال اپنے بورڈسے کافی اُمیدیں باندھ لی ہیں جو اپنی تنخواہوں میں 20فیصد اضافے کے خواہاں ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی سنٹرل کنٹریکٹ 2022-23کیلئے کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں دس سے پندرہ فیصد اضافے کاعندیہ دے چکاہے لیکن بابراعظم اور ثقلین مشتاق کا مطالبہ ہے کہ یہ اضافہ کم ازکم بیس فیصد کیاجائے۔ واضح رہے کہ اس حوالے سے سلیکٹرز کھلاڑیوں کو پول تیارکررہے ہیں جنہیں سنٹرل کنٹریکٹ دیاجائے گا اور پرانے کنٹریکٹ میں یاسرشاہ اور سابق کپتان سرفرازاحمد سمیت چار کھلاڑیوں کوباہر کرنے کا عندیہ جارہاہے۔