پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز اور وکٹ کیپر محمد رضوان کیریئرکا اولین انگلش کائونٹی سیزن کھیل رہے ہیں جہاں وہ ویٹیلیٹی بلاسٹ میں سسیکس کائونٹی کی نمائندگی کررہے ہیں۔
فرسٹ کلا س میچ میں تو محمد رضوان کی کارکردگی ملی جلی رہی لیکن جیسے ہی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے میچز شروع ہوئے، محمد رضوا ن کا بیٹ چل پڑا۔ گلیمورگن کائونٹی کے خلاف اپنے کائونٹی کیریئرکا پہلا میچ کھیلتے ہوئے محمد رضوان نے 60 گیندوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں سمیت 135کے اسٹرائک ریٹ سے 81رنزبنائے اور اپنی ٹیم کے مجموعی 150/6میں سے 54فیصد رنز تن تنہا بنائے۔
میچ میں صرف دو ففٹیاں
اس میچ میں محمد رضوان کے علاوہ دونوں ٹیموں میں سے صرف گلیمورگن کے اوپنر سام نارتھیسٹ ہی ففٹی پلس رنزکی اننگز کھیل سکے جنہوں نے 52گیندوں پر 63رنزبنائے۔
واضح رہے کہ 2021محمد رضوان کیلئے ریکارڈساز سال ثابت ہواتھا جس میں وہ نہ صرف ایک ہزار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنزکا سنگ میل عبورکرنے والے دُنیاکے پہلے اور اب تک کے واحد بیٹر بنے۔ اس کے علاوہ وہ مجموعی ٹی ٹوئنٹی میچز میں ایک سال میں دو ہزار رنزبنانے والے پہلے بیٹر بھی بنے۔