قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے آؤٹ آف فارم ہونے پر کی گئی ٹوئٹ ان کو اعتماد دینے کیلئے کی تھی۔
2022 میں بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی ناقص کارکردگی کی وجہ سے تنقید کی زد میں تھے جس کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے بھی دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے آؤٹ آف فارم کوہلی کو ٹیم سے باہر کردیا تھا۔
اسی دوران کپتان بابراعظم نے ٹوئٹر پر اپنی ویرات کوہلی کے ہمراہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں لی گئی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ’مضبوط رہیں، یہ وقت بھی گزر جائے گا۔
بعد ازاں بابر اعظم کی ناقص کارکردگی پر ویرات کوہلی کی جانب سے بھی ان کیلئے یہی ٹوئٹ کی گئی جس کے بعد بھارتی میڈیا نے اس بیان کو وجہ بناکر بابر اعظم پر تنقید شروع کردی تھی۔
تاہم اب بابراعظم نے اس حوالے سے آئی سی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’کوئی بھی کھلاڑی اس وقت سے گزرسکتا ہے.
انہوں نے کہا کہ اس وقت میں نے یہ سوچ کر ٹوئٹ کی تھی کہ میری ٹوئٹ کسی کو اعتماد دے کر اس کی مدد کرسکتی ہے، بطور کرکٹر ہمیں کسی بھی کھلاڑی کے مشکل وقت میں اس کو سپورٹ کرکے اس کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، یہ ایک مشکل وقت ہوتا ہے،جب آپ یہ جانتے ہیں کہ لوگ آپ کے بارے میں کیا سوچ رہے ہیں، اس وقت میں نے یہ سوچا تھا اگر میں ایسا کرتا ہوں تو ہوسکتا ہے کہ اس کا کوئی مثبت نتیجہ نکلے۔