لاہوراسٹیڈیم کا نام کراچی سے دوگنی رقم میں فروخت

لاہور کے پرانے قذافی اسٹیڈیم کا نام اب تبدیل کردیا گیاہے جس کیلئے پی سی بی کو خطیر رقم ملی ہے جوکہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کے ’’نیمنگ رائٹس‘‘ سے دوگنی سے بھی زیادہ ہے۔

کراچی اور لاہورکے دونوں اہم ترین وینیوز کے نام پانچ پانچ سال کے لئے فروخت کئے گئے ہیں۔ پاکستان میں اسٹیڈیمز کے ’’نیمنگ رائٹس‘‘ کا آئیڈیا سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے متعارف کرایاتھا ۔اُن کے دور میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے حقوق 45 کروڑ روپے میں بیچے گئے تھے۔

اب قذافی اسٹیڈیم لاہورکے ’’نیمنگ رائٹس‘‘ ایک ارب روپے میں فروخت کر دیے گئے ہیں۔ یوں نئی انتظامیہ دگنی رقم سے بڑی ڈیل کرنے میں کامیاب رہی۔ اس حوالے سے پی سی بی کا پنجاب کے بینک سے 5 سالہ معاہدے پر اتفاق ہو گیا ہے۔

نام تبدیل کرنے کا پس منظر

واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2024 سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کراچی، لاہور اور راولپنڈی کے اسٹیڈیمز کو اپ گریڈ کر رہا ہے،اس پر اربوں روپے خرچ ہوں گے، البتہ رقم کی کچھ واپسی کیلیے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں،گذشتہ دنوں پی سی بی نے قذافی اسٹیڈیم لاہورکے ’’نیمنگ رائٹس‘‘ کیلیے ٹینڈر جاری کیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ پنجاب کے بینک سے ایک ارب روپے کے عوض 5 سالہ کنٹریکٹ پر اتفاق ہوگیا،اب قذافی اسٹیڈیم کا نام مذکورہ بینک سے تبدیل کر دیا جائے گا، یاد رہے کہ اس سے قبل 2022 میں سابق چیئرمین رمیز راجہ کے دور میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے نیمنگ رائٹس 45 کروڑ روپے کے عوض بیچے گئے تھے، وہ اب نیشنل بینک کرکٹ ایرینا کہلاتا ہے،5 سالہ معاہدہ 2027 میں مکمل ہوگا۔

گرائونڈ کے ’’نیمنگ رائٹس‘‘ کا رواج

دنیا بھر میں اسپورٹس اسٹیڈیمز کو اسپانسرز کے نام دینے کا رواج عام ہے، آسٹریلیا اور انگلینڈ میں کئی کرکٹ وینیوز بھی اسپانسرز کے نام پر ہیں، اسے آمدنی کے ذرائع بڑھانے میں خاصا معاون قرار دیا جاتا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ مزید اسٹیڈیمز کے نیمنگ رائٹس بھی اسپانسر اداروں کو فروخت کرے گا۔

Check Also

جاوید آفریدی نے سری لنکن بورڈ کو بڑی آفر دے دی

پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو اسپانسر شپ کی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔