آج بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریزکے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کا میرپور میں آغاز ہواتو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی بنگلہ دیشی ٹیم محض24رنز تک پہنچتے پہنچتے اپنی آدھی وکٹیں گنوابیٹھی۔
بنگلہ دیش کے دونوں اوپنرز (محمودالحسن رائے اور تمیم اقبال)صفرپر آئوٹ ہوئے جبکہ شکیب الحسن پہلی ہی گیندپر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔نجم الحسن شانتو8اور کپتان مومن الحق صرف9رنزبناکر آئوٹ ہوئے۔
24رنزپر چار وکٹیں گنوانے کے بعد مشفیق الرحیم اور وکٹ کیپر لٹن داس نے 253رنزکی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کا اسکور مزیدکوئی وکٹ گنوائے بغیر ہی 277رنزتک پہنچادیا جس سے بنگلہ دیش کی پوزیشن مضبوط ہوگئی۔
مشفیق الرحیم 115جبکہ لٹن داس 135رنزپر کھیل رہے ہیں۔دونوں نے آج 145سالہ ٹیسٹ تاریخ کو بدل دیا کیونکہ یہ مجموعی ٹیسٹ تاریخ میں پہلا موقع تھا کہ کوئی ٹیم 25سے کم اسکورپر پانچ وکٹیں گنوانے کے بعد چھٹی پر سنچری شراکت قائم کرسکی ہو جبکہ مشفیق الرحیم اور وکٹ کیپر لٹن داس تو ڈبل سنچری شراکت بناڈالی ہے جو ابھی جاری ہے۔
اس سے پہلے اس صورتحال میں سب سے بڑی شراکت پاکستانی جوڑی شجاع الدین اور میتھیاس نے 1959میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈھاکہ کے مقام پر بنائی تھی جو86رنزپر مشتمل تھی۔
علاوہ ازیں، یہ بنگلہ دیش کی مجموعی ٹیسٹ تاریخ میں آج پہلا واقعہ تھا کہ اُن کے بلے بازوں نے چھٹی وکٹ پر ڈبل سنچری شراکت قائم کی۔