پہلے ٹی ٹوئنٹی کیلئے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستان پلیئنگ الیون تشکیل

پاکستان اور زمبابوے کے مابین تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز کا7نومبر سے آغاز ہورہاہے جس میں پاکستانی شائقین کی نگاہیں ٹیم منیجمنٹ پر لگی ہوئی ہیں کہ وہ زمبابوے کے خلاف مختصر فارمیٹ کے میچز کیلئے کونسے گیارہ کھلاڑی میدان میں اُتارتی ہے۔

ون ڈے سیریزکے آخری میچ میں شکست کے بعد پاکستان ٹیم منیجمنٹ کو اب کم ازکم اس گمان سے باہرنکل آنا چاہیے کہ زمبابوے ایک آسان حریف ہے۔ ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کو زمبابوے کی جانب سے مزید سخت مزاحمت کا سامناکرنا پڑسکتا ہے جیساکہ اُن کے گزشتہ دورۂ پاکستان 2015ء میں دیکھنے میں آیاتھا۔لہٰذا ضرورت اس امرکی ہے کہ ہیڈکوچ مصباح الحق اور کپتان بابراعظم اس سیریزکوآنے والی مشکل سیریزکی تیاری کے طورپر لیتے ہوئے بہترین سے بہترین کھلاڑی میدان میں اُتارنے کے ساتھ ساتھ ایک،دو نوجوان پلیئرز کو موقع دیں۔

پاکستان کو سیریزکے پہلے میچ کیلئے بہترین گیارہ کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں جانا چاہیے جس کے بعد صورتحال اور حریف ٹیم کے کھیل کو دیکھ کر اگلے میچز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہیے کیونکہ نئے ٹیلنٹ کو آزمانے کے ساتھ ساتھ فتوحات بھی اہم ہے۔ کیونکہ اگرنئے کھلاڑی اچھا پرفارم کربھی دیں اور ناتجربہ کاری کی وجہ سے ٹیم کو شکست ہوجائے تو اس سے کبھی بھی اُن کا مورال بلند نہیںہوگا اور ٹیم کو بھی دُہرانقصان ہوگا۔

اوپنرز

اس تناظر میں اگرٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ کیلئے پاکستان کی پلیئنگ الیون پر نگاہ ڈالیں تو اوپنرزمیں کپتان بابراعظم اور فخرزمان فی الوقت اولین چوائس دکھائی دیتے ہیں۔ فخرزمان کی گوکہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں حالیہ کارکردگی خاصی حد تک مایوس کن رہی ہے مگر حالیہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں عمدہ کارکردگی کی بدولت وہ مزید چند ایک مواقع پانے کے مستحق ہیں۔

3 حیدرعلی

ون ڈائون پوزیشن پر کھیلنے کیلئے نوجوان بیٹسمین حیدرعلی فرسٹ چوائس ہیں جوکہ گزشتہ دورۂ انگلینڈپر اپنے ٹی ٹوئنٹی ڈیبیومیں اسی پوزیشن پر کھیلتے ہوئے 54رنزکی جارحانہ اننگز کھیل چکے ہیں۔ اس لئے اُنہیں زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریزمیں تواترکے ساتھ موقع دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ خودکو آنے والی مشکل سیریز کے چیلنجز کیلئے تیار کرسکیں۔

4 محمد حفیظ

پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی پلیئنگ الیون میں چوتھے نمبرپر کیلئے آل رائونڈر محمد حفیظ اولین چوائس ہیںجنہیں ون ڈے سیریزکاکوئی میچ نہیں کھلایا گیاتھا ۔ وہ حالیہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں عمدہ فارم میں دکھائی دیئے جبکہ اپنے آخری تین میں سے دومیچزمیں ناٹ آئوٹ رہتے ہوئے تینوں میچزمیں ففٹیاں بناچکے ہیں جن میں گزشتہ دورۂ انگلینڈمیں 191.66کے اسٹرائک ریٹ سے کھیلی گئی 69اور 165سے زائد اسٹرائک ریٹ سے کھیلی گئی 86* رنزکی ناقابل شکست اننگز بھی شامل ہیں۔

5 شاداب خان

اطلاعات کے مطابق نائب کپتان شاداب خان کافی حد تک فٹ ہوچکے ہیںجو ون ڈے سیریزکا کوئی میچ نہیں کھیل سکے تھے تاہم اب امکان ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی سیریزمیں حصہ لیں گے۔وہ پانچویں نمبرپربیٹنگ کرنے کیلئے فیورٹ ہیں۔جوگزشتہ پی ایس ایل اور نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی دکھاکر بھرپورفارم میں ہیں اور اگرشاداب خان فٹ نہیں ہوتے تو پھر پانچویں نمبر پر حارث سہیل کو کھلانا چاہیے۔

6 محمد رضوان

گوکہ وکٹ کیپرمحمد رضوان وکٹوں کے پیچھے لاجواب کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں مگر بیٹنگ میں اُن کی کارکردگی خاصی حد تک مایوس کن ہے تاہم اس کے باوجود انہیں اس سیریزمیں آخری موقع دینا چاہیے۔

7 خوشدل شاہ

ساتویں نمبرپر کھیلنے کیلئے افتخار احمد اورخوشدل شاہ میں ٹائی ہے جہاں خوشدل شاہ زیادہ موزوں ہیںجو افتخار احمد کی نسبت زیادہ فارم میں بھی ہیں جنہوں نے حالیہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے جبکہ آخری ون ڈے میچ میں بھی وہ ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے دکھائی دئیے۔

8 عمادوسیم

بیٹنگ آرڈرکے اعتبار سے ٹاپ7پوزیشنز پر شاداب خان یاحارث سہیل کے علاوہ محمد حفیظ اور خوشدل شاہ کے بولنگ آپشنز موجود ہوں گے ۔اس صورت میں پاکستان کو چار اسپیشلسٹ بولرز درکار ہوں گے۔ جس کیلئے آٹھویں نمبرپر عمادوسیم بیسٹ چوائس ہیں جوکہ کفایتی بولرہونے کے سبب مختصر فارمیٹ کے کارآمدبولر ہیں۔

9 وہاب ریاض

نویں نمبرپر وہاب ریاض کھیلیں گے جوکہ برق رفتار بولنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ میں بھی دوہاتھ دکھارہے ہیں۔

10 شاہین شاہ آفریدی

اس طرح دسویں نمبرپر شاہین شاہ آفریدی بیسٹ چوائس ہیں جواس وقت پاکستان کے لیڈنگ بولر ہیں۔

11 محمد حسنین

گیارھویں نمبرپرگوکہ ٹیم منیجمنٹ حارث رئوف کو کھلانے کا سوچے گی لیکن آخری ون ڈے میچ میں پانچ وکٹوں کی کیرئیربیسٹ کارکردگی دکھانے والے نوجوان پیسر محمد حسنین کو اس پوزیشن پر کھلاکر اُنہیں گزشتہ میچ کی اچھی کارکردگی کا صلہ دینا چاہیے۔

یوں اس اعتبار سے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کیلئے پاکستان کی پلیئنگ الیون ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔

Check Also

آئرلینڈکوشکست، پاکستان کی سپر8تک جانا آسان ہوگیا

نیویارک میں پاکستان اور بھارت کے میچ سے قبل اسی گرائونڈ سے پاکستان کو بڑی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔