بابر اعظم کی ہر پی ایس ایل سیزن میں کارکردگی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اس وقت بہترین فارم میں ہیں جو ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے بعد نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں شاندار کارکردگی دکھا نے کے بعد زمبابوے کے خلاف دونوں فارمیٹس کی ہوم سیریزکے ٹاپ اسکورر رہنے کے بعد اب پی ایس ایل 5کے بھی ٹاپ اسکورررہے۔ وہ نہ صرف پی ایس ایل 2020ء کے فائنل بلکہ ٹورنامنٹ کے بھی بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

بابراعظم کیلئے پی ایس ایل 2020ء کا ایڈیشن کتنا یادگاررہا۔اس خصوصی رپورٹ آپ ’ورلڈاسپورٹس‘ (یوٹیوب چینل) پر ملاحظہ کرچکے ہیں جبکہ پی ایس ایل کے سابقہ چار میں سے ہر ایڈیشن میں بابراعظم کی کارکردگی کی تفصیل اس رپورٹ میں پیش کی جارہی ہے۔

پی ایس ایل 2016ء

بابراعظم نے پی ایس ایل 2016ء کا اپنا پہلا ایڈیشن اسلام آبادیونائیٹڈ کیلئے کھیلا تھا جس میں اُن کی ٹیم تو فاتح رہی تھی مگر انہیں صرف دوہی میچز کھیلنے کا موقع ملا جن میں وہ صرف پندرہ رنزبناسکے تھے ۔اسلام آبادیونائیٹڈ کیلئے بابراعظم پہلے سیزن میں صرف ایک ہی چوکا لگاسکے تھے۔

پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن میں بابراعظم کی کارکردگی خاصی مایوس کن رہی جن کی ایوریج نہ صرف محض ساڑھے سات رنزفی اننگزرہی بلکہ اسٹرائک ریٹ بھی 58رنزفی سوبالز سے کم رہا۔یہی وجہ ہے کہ اسلام آبادیونائیٹڈ نے اگلے سیزن کیلئے اُن کی خدمات حاصل کرنے میں کوئی دلچسپی نہ دکھائی۔

پی ایس ایل 2017ء

پہلے پی ایس ایل ایڈیشن کے بعد 2017ء میں کھیلے گئے پی ایس ایل سیزن کے دوسرے ایڈیشن میں بابراعظم کراچی کنگز کی کٹ میں دکھائی دئیے جہاں انہوں نے دس میچزمیں ایک ففٹی سمیت 291رنزبنائے۔اس سیزن میں وہ کراچی کنگزکے ٹاپ اسکوررہونے کے علاوہ سب سے زیادہ 36چوکے لگانے والے بیٹسمین بھی تھے۔انہوں نے یہ رنز 112سے زائد اسڑائک ریٹ اور 32.33کی ایوریج سے بنائے جو اُن کے پہلے ایڈیشن کے مقابلے میں کہیں بہتر کارکردگی تھی۔

پی ایس ایل 2018

بابراعظم کیلئے پی ایس ایل کا 2018ء میں کھیلا گیا تیسرا سیزن نہایت ہی شاندار رہا جس میں انہوں نے پانچ ففٹیوں سمیت 40سے زائد ایوریج اور 122سے زائد اسٹرائک ریٹ سے 402رنزبنائے جس کی بدولت وہ مسلسل دوسرے سیزن میں اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورربنے۔

پی ایس ایل 2018ء میں وہ لیوک رونکی اور کامران اکمل کے علاوہ محض تیسرے بیٹسمین تھے جو ٹورنامنٹ میں 400رنزکی حدپارکرنے میں کامیاب ہوسکے۔

پی ایس ایل 2019

بابراعظم 2019ء میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں بھی کراچی کنگزکا حصہ بنے اور اس بار بھی انہوں نے شاندار کارکردگی دکھائی جو گیارہ اننگزمیں تین ففٹیوں سمیت 30 سے زائد ایوریج اور 115 سے زائد اسٹرائک ریٹ سے 335رنزبنائے۔ وہ محض 9رنزکی کمی کے سبب مسلسل تیسرے برس کراچی کنگزکے ٹاپ اسکوررنہ بن سکے۔

پی ایس ایل 2020

پی ایس ایل کا حالیہ سیزن بابراعظم کیلئے نہایت ہی شاندار گزرا جنہوں نے پہلی بار کسی پی ایس ایل سیزن کے ٹاپ اسکورربننے کے ساتھ ساتھ مین آف دی ٹورنامنٹ ایوارڈبھی حاصل کیا۔پی ایس ایل 2020ء میں بابراعظم نے گیارہ اننگزمیں پانچ ففٹیوں سمیت 473رنزبناکرکئی ریکارڈ توڑے جس کی تفصیل ’ورلڈاسپورٹس (یوٹیوب چینل) پر ملاحظہ کرسکتے ہیں۔

Check Also

بابراعظم اور رضوان کے رن ریٹ کا ’’رولا‘‘ بھی ختم

حالیہ دنوں میں حقائق سے ناواقف کچھ نام نہاد کرکٹ مبصرین نے بابراعظم اور محمد …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔