دوحصوں میں ہی سہی مگر پی ایس ایل 5کے اختتام کے بعد اب پی ایس ایل 6کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیںجس کیلئے ڈرافٹنگ کے میزبان ، طریقہ کاراوردستیاب پلیئرزکی فہرستیں تیارکرنے پر کام جاری ہے۔
کورونا وائرس کی وجہ سے پی ایس ایل 5کے پلے آف میچز مارچ میں ملتوی کردیے گئے تھے، رواں ماہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں نئے چیمپئن کا فیصلہ ہوا، اب پی ایس ایل 6یعنی پی ایس ایل 2021 کے مقابلے فروری، مارچ میں کرانے کیلئے پی سی بی کی جانب سے تیاریوں کا زوروشور سے آغاز ہوگیا ہے۔یوں اب کراچی کنگزکے پہلی بار چیمپئن بننے کے محض تین ماہ بعد ہی نئی پی ایس ایل چیمپئن ٹیم کا فیصلہ ہونا ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پی ایس ایل 6 کیلیے ڈرافٹ کا مرحلہ دسمبر کے دوسرے ہفتے میں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں مکمل کیے جانے کا امکان ہے،کورونا وائرس کا پھیلاؤ بڑھنے کی وجہ سے تقریب آؤٹ ڈور کرانے پر متفقہ فیصلہ کرلیا گیاہے اور اگر مسائل زیادہ ہوئے تو آن لائن ڈرافٹنگ کا فیصلہ کرنا پڑسکتا ہے، پی سی بی فرنچائزز کے نمائندوں سے بات چیت میں اس ضمن میں معاملات طے کرے گا۔
پی ایس ایل 6 ڈرافٹ کا میزبان
یاد رہے کہ پی ایس ایل ڈرافٹ کی تقریبات ابھی تک دبئی، لاہور اور اسلام آباد میں ہو چکی ہیں، اس بار نیا شہر میزبان ہوگا، مصباح الحق چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنے کے بعد نیوزی لینڈ میں صرف ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دینگے، نئے چیف سلیکٹر کو ڈرافٹنگ کیلئے مقامی کرکٹرز کی فہرست مرتب کرنا ہے۔
قوی امکان ظاہرکیاجارہاہے کہ محمد اکرم کو نیا چیف سلیکٹر مقررکیاجائے گا جو اس وقت پشاورزلمی کے ساتھ بھی منسلک ہیں۔ دوسری جانب، چیف سلیکٹرکا عہدہ چھوڑدینے کے بعد مصباح الحق پی ایس ایل میں کسی بھی فرنچائزڈ کے ساتھ منسلک ہوسکیں گے۔
د ریں اثناء، غیرملکی کھلاڑیوں کی دستیابی بھی پی ایس ایل منیجمنٹ کیلئے بڑا امتحان ہوگاکیونکہ کروناوائرس کے سبب قرنطینہ میں رہنے کی شرائط کے سبب لیگ انتظامیہ کو سخت چیلنجز درپیش ہوں گے۔جنوری سے مارچ سے نیوزی لینڈ اورآسٹریلیاکی باہمی سیریزکے علاوہ مارچ میں بنگلہ دیش کے دورۂ نیوزی لینڈطے پاجانے کے سبب ان تین ممالک کے موجودہ کھلاڑیوں کی پی ایس ایل6میں شرکت خاصی مشکل ہوگی جبکہ دیگر ٹیموں کی فی الوقت اس دورانئے میں کوئی سیریز شیڈول نہیں ہے۔