پاکستان نے نیوزی لینڈ سے گزشتہ سال کے ادھورے دورے کا زرتلافی وصول کرنے کے بعد اب کیوی بورڈسے تعلقات بہتربنالئے ہیں اور پوری کوشش کی جارہی ہے کہ نیوزی لینڈمیں ٹرائنگولر سیریز کی پیشکش کا مثبت جواب دینے کے بعد اس میں شرکت یقینی بنائی جائے۔
گوکہ پاکستان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022سے عین قبل نیوزی لینڈمیں ٹرائی نیشن ٹی ٹوئنٹی سیریزکھیلنے کی حامی بھرلی ہے لیکن ابھی بھی اس سیریزکی راہ میں ایک رکاوٹ موجودہے جوکہ پاکستان اور انگلینڈکے درمیان ستمبر2022میں ہونے والی سات ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی طویل سیریزہے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کو تین ملکی سیریز کی پیشکش آئی سی سی میٹنگ کے دوران اپریل میں کی تھی۔اب پاکستان کرکٹ بورڈنے فیصلہ کیاہے کہ نیوزی لینڈ میں ٹرائنگولرسیریزمیں شرکت یقینی بنانے کیلئے انگلینڈکے خلاف ہوم سیریزکا شیڈول ایڈجسٹ کیاجائے گاجس پر کام شروع کردیاگیاہے۔جس میں سیریزکو جلد ختم کرنے کیلئے میچزکے مابین وقفہ کم سے کم رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔
پاکستان اور انگلینڈکے مابین سیریز
اس بات کا بھی امکان موجود ہے کہ پاکستان اور انگلینڈکے مابین سیریز سات کے بجائے پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز تک محدود کردی جائے۔بہرحال! پاکستان اور انگلینڈکے درمیان سیریزکے حتمی نتیجے اور شیڈول کے اعلان کے بعد ہی نیوزی لینڈمیں ٹرائنگولرسیریزمیں شرکت کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا جس کے بعد ہی مجوزہ ٹرائنگولرسیریزکا شیڈول جاری ہوگا۔