دبئی: چند ماہ قبل ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں نسیم شاہ کے دو چھکوں کے بعد پاکستان کی افغانستان کے خلاف ناقابل یقین فتح پر تماشائیوں کی ہنگامہ آرائی کے بعد آئندہ ماہ شارجہ اسٹیڈیم پاکستان اور افغانستان کے تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کی میزبانی کررہا ہے۔
ماضی کے تلخ تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے اس بار شارجہ اسٹیڈیم میں سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دونوں ملکوں کے تماشائیوں کو الگ الگ انکلوژر میں بٹھانے کی تجویز ہے۔
افغان تماشائیوں نے جو کیا وہ شرم ناک تھا
شارجہ اسٹیڈیم کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ ایشیا کپ میچ کے بعد افغان تماشائیوں نے جو کیا وہ شرم ناک تھا، پولیس اور سکیورٹی اداروں کو بھی حالات پر تشویش ہےاس بار ہم نے سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے،تماشائیوں کیلئے سخت ضابطہ اخلاق بنایاجارہا ہے۔
پاکستان کے تماشائیوں کے علیحدہ اور افغان تماشائیوں کیلئے الگ انکلوژر بنائے جائیں گے، اس کے باوجود تماشائیوں کیلئے ضابطہ اخلاق بنائے جارہے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون سختی سے حرکت میں آئے گا۔
پولیس کے علاوہ پرائیویٹ سکیورٹی تماشائیوں کو کیمروں کی مدد سے کنٹرول کرے گی اور تماشائیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی نے فون پر 3 میچ شارجہ میں کرانے کا پیغام گزشتہ ہفتے دیا تھا، شارجہ پولیس کی مدد سے سکیورٹی پلان بنایا جارہا ہے۔
پاکستان سپر لیگ کے بعد اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے قبل پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹوئنٹی انٹر نیشنل کی سیریز شارجہ میں کرانے کی تصدیق ہوگئی ہے، ون ڈے انٹر نیشنل سیریز کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تبدیل کردیا گیا ہےممکنہ طور پر تینوں میچ رمضان میں ہوں گےافغان بورڈ ان میچز کا میزبان ہوگا۔
واضح رہے کہ اتوار کو نجم سیٹھی نےسوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز مارچ کے آخر میں کھیلی جائے گی، تینوں میچز شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔