پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ویسٹ انڈیزکے خلاف ہوم سیریزکے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 103رنزکی شاندار اننگز کھیل کر نہ صرف تاریخ کا منفرد عالمی ریکارڈ اپنے نام کیاہے بلکہ وہ ویرات کوہلی کے دو اور ہاشم آملہ کا ایک بڑا عالمی ریکارڈ توڑنے میں بھی کامیاب رہے ہیں۔
بابراعظم ون ڈے ہسٹری کے اکلوتے بیٹر بن گئے ہیں جنہیں دوبار لگاتار تین سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہواہے۔ویسٹ انڈیزکے خلاف گزشتہ روز103رنزکی اننگزکھیلنے سے قبل وہ آسٹریلیاکے خلاف گزشتہ ہوم سیریزکے آخری دونوں ون ڈے میچز میں سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے تھے۔
اس سے قبل بابراعظم نے 2016میں ویسٹ انڈیزکے خلاف یواے ای میں کھیلی گئی سیریزمیں بھی لگاتار تین سنچریاں اسکورکی تھیں۔
بابراعظم نے ویسٹ انڈیزکے خلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 103رنزبناکرکیریئر کی 85 ویں اننگزمیں 17ویں سنچری بناڈالی جوکہ کم ترین ا ننگزمیں اتنی سنچریاں بنانے کا عالمی ریکارڈ ہے جو اس سے قبل ہاشم آملہ کے پاس تھا۔
سائوتھ افریقہ کے ہاشم آملہ نے 17سنچریاں بنانے کیلئے 98اننگزکا سہارالیاتھا جبکہ بابراعظم نے اُن سے 13کم اننگز کھیل کر یہ سنگ میل عبورکیاہے۔
ویسٹ انڈیزکے خلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں سنچری بناکر بابراعظم نے بطورکپتان تیزترین ایک ہزار ون ڈے رنز بھی مکمل کئے ۔انہو ںنے یہ کارنامہ بطورکپتان محض13ویں اننگزمیں سرانجام دیکر بطورکپتان تیز ترین ایک ہزار رنزکا ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑڈالا۔
ویرات کوہلی نے 2017میں بطورکپتان17ویں اننگز کھیلتے ہوئے یہ سنگ میل عبورکیاتھا جبکہ بابراعظم نے چارکم اننگز کھیل کر ایک ہزار رنز مکمل کئے۔
اس کے علاوہ بابراعظم نے بطورکپتان تیزترین چھ ون ڈے انٹرنیشنل سنچریاں بنانے کا بھی ویرات کوہلی کا عالمی ریکارڈ توڑا۔ویرات کوہلی نے اس کیلئے 27اننگزکا سہارالیاتھا جبکہ بابراعظم نے اُن سےآدھی سے بھی کم یعنی صرف 13اننگزمیں یہ کارنامہ سرانجام دیاہے۔