کراچی کنگز نے لاہورقلندرزکے خلاف اپنے سیکنڈلاسٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل اور پلے آف کیلئے اُمیدوارٹیموں پر بجلیاں گرادی ہیں۔
کراچی کنگزکی فتح سے سب سے زیادہ پریشان ہونے والی ٹیم اسلام آبادیونائیٹڈ ہے جسے اب ٹورنامنٹ کی ٹاپ ٹیم ملتان سلطانز کے خلاف فتح لازمی درکار ہوگی وگرنہ کراچی کنگز اپنے آخری گروپ میچ میں پشاورزلمی کو شکست دیکر باآسانی پلے آف میں پہنچ جائے گی۔
کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو لاہورقلندرزنے عبداللہ شفیق کے 55اور فخرزمان کے 54 رنزکی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنزبناڈالے۔
جواب میں کراچی کنگز کو اوپنر جیمز وینس اور ٹم سیفرٹ نے 59رنزکا اچھا اوپننگ اسٹینڈ دیا مگر درمیان میں وکٹیں گرجانے سے میچ کراچی کنگز کے ہاتھ سے نکلنے لگا۔
بعدازاں113رنزپر چاروکٹیں گنواکر کراچی کنگز کی ٹیم دبائو میں آچکی تھی تاہم اس موقع پر شعیب ملک اور عرفان خان نے شاندار بیٹنگ کرکے کراچی کنگز کومیچ میں واپس لے آئے۔
بعدازاں عرفان خان کے آئوٹ ہونے کے بعد کراچی کنگز مشکلات سے دوچار ہوئی تاہم آخری اوور سے قبل میچ پھر کراچی کنگز کے ہاتھ میں آگیا اور آخری گیند پر مقابلہ سنسنی خیز ہوچکاتھا۔
کراچی کنگز کو آخری گیندپر تین رنز درکار تھے تو اس موقع پر شعیب ملک نے زمان کو چوکا لگاکر اپنی ٹیم کو تین وکٹوں سے فتح دلادی۔
کراچی کنگز اور لاہورقلندرزکے میچ پر اخترعباسی کا خصوصی تجزیہ اس ویڈیو رپورٹ میں ملاحظہ کریں