محمد حفیظ نے کیوی سرزمین پر بڑابیٹنگ ریکارڈاپنے نام کرلیا

پاکستا ن کرکٹ ٹیم کے تجربہ کاربیٹسمین محمد حفیظ نے نیوزی لینڈکے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں مشکل کنڈیشنز اور صورتحال کے باوجود کیریئربیسٹ اننگز کھیل کر کئی ٹی ٹوئنٹی ریکارڈز پاش پاش کردئیے ہیں جن کی تفصیل اس رپورٹ میں پیش کی جارہی ہے۔

محمد حفیظ کے اعزازات

محمد حفیظ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ تاریخ میں 99رنزپر ناٹ آئوٹ رہ کر صرف ایک رن کی کمی کے سبب سنچری سے محروم ہونے والے دُنیاکے پہلے نان انگلش بیٹسمین بن گئے ہیں۔اس سے قبل اس صورتحال سے صرف دو انگلش بیٹسمینوں کو ہی دوچارہونا پڑاتھا جب لیوک رائٹ 2012ء میں افغانستان کے خلاف جبکہ ڈاوڈملن گزشتہ دورۂ جنوبی افریقہ میں کیپ ٹائون کے مقام پر 99*رنزپر ناٹ آئوٹ رہے تھے۔

محمد حفیظ کے 57 گیندوں پر دس چوکوں اور پانچ چھکوں سے مزین 99* رنز پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں کھیلی گئی دوسری بڑی انفرادی اننگزہے۔اس سے بڑی واحد اننگز احمدشہزادنے 2014ء میں میزبان بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکہ کے مقام پر کھیلی تھی۔

محمد حفیظ کے 99* رنز کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کا ایشیاء سے باہر سب سے بڑی انفرادی اننگز بھی ہے۔اس سے قبل یہ قومی ریکارڈ احمدشہزاد کے نام تھا جنہوں نے 2013ء میں زمبابوے میں 98*رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

یہ پہلا موقع تھا کہ کسی پاکستانی بیٹسمین نے نیوزی لینڈمیں 70+رنزکی انفرادی اننگز کھیلی۔اس سے قبل بھی نیوزی لینڈمیں سب سے بڑی انفرادی کھیلنے کا قومی ریکارڈ محمد حفیظ ہی کے نام تھا جنہوں نے 2016ء کے دورۂ نیوزی لینڈمیں آکلینڈکے مقام پر 61رنزکی اننگز کھیلی تھی۔

محمد حفیظ نے آئوٹ ہوئے بغیر 99رنزبناکرکیوی سرزمین پر سب سے بڑی انفرادی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اننگز کھیلنے والے ایشیائی بیٹسمین ہونے کا اعزاز بھی حاصل کرلیاہے۔یہ پہلا موقع تھا کہ ایشیاء کے کسی بیٹسمین نے نیوزی لینڈمیں 90+رنزکی اننگز کھیلی۔اس سے قبل یہ منفرد اعزاز سری لنکا کے انجلیومیتھیوزکو حاصل تھا جنہوں نے 2016ء میں آکلینڈکے مقام پر 81رنزکی اننگز کھیلی تھی۔

Check Also

مکی آرتھر کی سفارش پر پاکستانی ٹیم کا بولنگ+ ہیڈکوچ کا انتخاب

پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین نجم سیٹھی نے قومی ٹیم کے اگلے متوقع کرکٹ ڈائریکٹر مکی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔